کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں دو نوجوان جانبحق

 

اپریل 12, 2016 - 7:43 PM
  • News Code : 746875
  • Source : ابنا خصوصی
 
 مظاہرین پر بھارتی فورسز نے بندوقوں کے دھانے کھول کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں2نوجوان جاں بحق اورکئی دیگرزخمی ہوگئے

اہلبیت نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں آج دو نوجوان جانبحق ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ میں فوجی اہلکار کے ہاتھوں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ دست درازی کے خلاف احتجاج کررہے مظاہرین پر بھارتی فورسز نے بندوقوں کے دھانے کھول کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں2نوجوان جاں بحق اورکئی  دیگرزخمی ہوگئے ۔مرنے والوں میں مشہور انڈر19کرکٹ میں ریاست کی نمائندگی کرنے والا ایک ہونہار کرکٹر اور ایک سیلزمین شامل ہیں۔ ہلاکتوں کے بعد سنگین نوعیت کا تشدد بھڑک اُٹھا اور مشتعل لوگوں نے فوجی چوکی کو شدید پتھرائو کا نشانہ بنانے کے بعد نذر آتش کردیا جبکہ جوابی کارروائی میں اشک آور گیس کے گولوں کی بارش کی گئی اور ہوا میں گولیوں کے سینکڑوں رائوند چلاکر خوف و دہشت پھیلائی گئی۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ فوج نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قصور واروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے۔

ابنا کو موصولہ اطلاعات کے مطابق فوج کی21آر آر کے ایک کنکریٹ بنکر کے متصل فوج کے ہی زیر استعمال بیت الخلاء میں ایک جواںسال خاتون اور ایک فوجی اہلکار کو دیکھا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق خاتون غلطی سے بیت الخلاء میں داخل ہوئی تھی اور فوج کے ایک اہلکار نے اس کا پیچھا کرکے اس کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی۔ واقعہ کی خبر پورے قصبے میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی اور اسی اثناء میں فوجی اہلکار اپنی چوکی کی طرف بھاگ گیا جبکہ خاتون کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ اسی دوران لوگوں کا ازدہام چوک میں امڈ آیا اور فوج و بھارت مخالف نعرے بلند کئے۔ عینی شاہدین کے مطابق جب پولیس اور فورسز اہلکار مظاہرین کو منتشر کرنے میں ناکام ہوئے اورحالات قابو سے باہر ہونے لگے تو مظاہرین پر بندوقوں کے دھانے کھول کر گولیاں برسانے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔  فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم4افراد زخمی ہوگئے جن میں سے بعد میں2نوجوانوں کی موت واقع ہوئی جن کی شناخت19سالہ نعیم قادر بٹ ولد غلام قادر ساکن بانڈے محلہ ہندوارہ اور21سالہ جاوید احمد پیر ولد فاروق احمد ساکن درگمولہ کپوارہ کے بطور ہوئی ہے۔ ضلع اسپتال ہندوارہ کے ذرائع نے بتایا کہ ایک نوجوان کی موت موقعے پر ہی واقع ہوئی تھی جبکہ دوسرا نوجوان اسپتال پہنچاتے ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ دریں اثناء کشمیر کے مزاحمتی قائدین نے دو نوجوانوں کی ہلاکت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدھ کے روز کشمیر بند کی کال دی ہے ۔اور بھارتی فوج نے بھی اس واقعہ کو لیکر ایک مختصر بیان جاری کیا ہے جس میں واقعہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔فوج کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات عمل میں لائی جائے گی اور جس کسی کو بھی قصور وار پایا جائے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ساجد رسول/ کشمیر

بھارتی فوج کی فائرنگ سے جانبحق ہوئے نوجوان: