نواز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں پنامہ لیکس کے معاملے کی وضاحت کریں گے
مئ 10, 2016 - 10:50 PM
- News Code : 753436
- Source : ۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف پنامہ لیکس کے معاملے پر وضاحت پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے جمعے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم سے پنامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے سوالوں کے جوابات دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان کی اپوزیشن جماعتیں ، وزیراعظم سے یہ مطالبہ کرتی رہی ہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں پیش ہو کر پنامہ لیکس کے معاملے پر وضاحت پیش کریں۔ اپوزیشن کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ جب تک وزیراعظم ایوان میں آکر وضاحت پیش نہیں کرتے ، اس وقت تک قومی اسمبلی کی کارروائی کے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پاکستانی سینٹ میں اپوزیشن کے ارکان نے گزشتہ روز اجلاس کی روزانہ کاروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف سے ایوان میں وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو دعوت دیتے ہیں کہ ایوان میں آکر بتائیں کہ انہوں نے اور ان کے خاندان نے بیرون ملک کتنے اثاثے بنائے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا نام بھی ان کے بچوں کے حوالے سے پنامہ لیکس میں سامنے آیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔