دوہزار کلو میٹرتک مار کرنے والے ایک اور میزائیل کا ایران نے کیا کامیاب تجربہ

 

  • News Code : 753156
  • Source : سحر ٹی وی
Brief

ایران نے دو ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے ایک اوربیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران نے دو ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے ایک اوربیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔

ایران کے ایک اعلی فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دو ہزار کلومیٹر تک مارے کرنے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا جو اپنے ہدف سے صرف آٹھ میٹر کے فاصلے پر گرا ہے ۔

ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف بریگیڈیئر جنرل علی عبداللّہی نے پیر کو ایک پروگرام میں اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ ہم نے دو ہفتے قبل دو ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس کے اپنے ہدف پر لگنے میں غلطی کا مارجن صرف آٹھ میٹر تھا۔ انھوں نے اس دور مار بیلسٹک میزائل کا نام نہیں بتایا ۔

ایران کے قدر ایف، اور سجیل ون، نیز سجیل ٹو دور مار بیلسٹک میزائل، دو ہزار کلومیٹر تک مار کرسکتے ہیں ۔ بریگیڈیئر جنرل علی عبداللّہی نے یہ نہیں بتایا کہ ان میں سے کسی میزائل کی نشانے پر لگنے کی ایکیوریسی اس حد تک بڑھا دی گئی ہے کہ اس کے ہدف پر لگنے میں غلطی کا مارجن صرف آٹھ میٹر ہو یا کسی نئے دور مار بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے ۔

ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف نے بتایا کہ مسلح افواج کی مشترکہ ہائی کمان نے دفاعی بنیادوں کو مستحکم کرنے کے بجٹ کا دس فیصد تحقیقات کے لئے مخصوص کیا ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے حالیہ برسوں میں دفاعی میدان میں کافی پیشرفت کی ہے اور بہت سی پیشرفتہ دفاعی مصنوعات کی رونمائی بھی کی جاچکی ہے۔

میزائلی ٹیکنالوجی میں بھی ایران نے نمایاں پیشرفت کی ہے ۔ ایران نے گزشتہ سال عماد دور مار بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جس کی رینج ایک ہزار سات سو کلو میٹر ہے ۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے فضائی شعبے کے کمانڈر جنرل علی حاجی زادہ نے گزشتہ دنوں مشہد مقدس میں ایران کی میزائلی توانائی سے متعلق ایک پروگرام میں بتایا ہے کہ ایران کے سجیل میزائل کا نیا ورژن سجیل ایک سے بہت بہتر ہے اور اس کو ہدف پر لگنے تک کنٹرول کیا جاسکتا ہے

ایران کی پاسداران انقلاب نے انیس مارچ کو اقتدار ولایت نامی میزائلی مشقوں کے آخری مرحلے میں قدر ایچ اور قدر ایف دور مار میزائلوں کو مشرقی کوہ البرز سے فائر کیا تھا جو جنوب مشرقی ایران میں مکران کے ساحلی علاقے میں پہلے سے طے شدہ ہدف پر جاکر لگے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔