ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شام میں اسلامی مزاحمت و استقامت کی شاندار کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہو‏ئے کہا ہے کہ اسرائیل کو شام میں بہت بری طرح شکست ہوئی ہے۔

لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ شام اس وقت آٹھ سالہ بحران کے بعد بہترین صورتحال میں ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ سرحد پر اسرائیلی فوج کے اقدامات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج پر خوف و ہراس طاری ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے لبنان کی سرحدوں پر اسرائیل کی فوجی نقل و حرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کی صورت میں ہم مناسب اور منہ توڑ جواب دیں گے اور لبنانی سرزمین کا دفاع کرنے کے لئے تمام لبنانی آمادہ اور تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کے پاس ٹارگیٹ کرنے والے میزائل بڑی تعداد میں موجود ہیں جو مستقبل میں کسی بھی طرح کی جنگ میں استعمال کئے جائیں گے۔