ہندوستانی وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات

 

اپریل 17, 2016 - 11:44 PM
  • News Code : 748069
  • Source : irib.ir
 
Brief

صدرحسن روحانی نے ایران اور ہندوستان کے تعلقات کے فروغ کو خطے کی سلامتی اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم اور سود مند قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اتوار کی شام تہران میں ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ دونوں کے مفادات میں کافی حدتک اشتراک پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور ہندوستان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں بھی ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کر سکتے ہیں۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کی معیشتیں ایک دوسرے کی معاون ہیں جبکہ ایران، ہندوستان کی ترقی کے لیے درکار توانائی کا موثر اور قابل اطمینان ذریعہ ہے۔

ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایران اور ہندوستان کے عوام کے درمیان قائم مضبوط رشتوں کو دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور سیاسی تعاون کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر ہندوستان کو توانائی کی ضرورت ہے اور ہم ایران کو اپنا قابل اعتماد تجارتی شریک سمجھتے ہیں۔