نئی دہلی : دارالحکومت دہلی میں ایم سی ڈی کی 13 نشستوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج  آگئے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی کے کھاتے میں 5 سیٹیں گئی ہیں جبکہ اسمبلی انتخابات میں کھاتہ بھی نہ کھول پانے والی کانگریس نے چار سیٹیں جیت کر سب کو چونکا دیا ہے ۔ بی جے پی تین سیٹوں پر جیت  حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے کھاتے میں گئی ہے ۔
بلی ماران ، نانک پورا ، تہہ کھنڈ، مٹیالا اور وکاس نگر سیٹ عام آدمی پارٹی نے اپنے نام کی ہے ۔ جبکہ کانگریس نے قمرالدین ، جھلمل، منیرکا اور کھچری پور سیٹ پر قبضہ جمایا ہے۔ بی جے پی کے کھاتے میں شالیمار باغ ، نوادا اور وزیر پور وارڈ کی سیٹیں گئی ہیں ۔ بھاٹی سے آزاد امیدوار راجندر تنور نے بازی ماری ۔
ضمنی انتخابات میں نمبر ایک بن کر ابھرنے کے بعد عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے ٹویٹ کرکے عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ ساتھ ہی ساتھ کیجریوال نے دعوی کیا کہ وہ ایم سی ڈی انتخابات میں تمام سیٹوں پر کامیاب حاصل کریں گے ۔
کانگریس کی شاندار کارکردگی کے بعد دگ وجے سنگھ نے پارٹی کارکنان کو مبارک باد دی ہے
ادھر عام آدمی پارٹی لیڈر دلپ کے پانڈے نے بھی ٹویٹ کیا اور کارکنان اور ووٹروں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ ضمنی انتخابات میں بھی عام آدمی پارٹی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرہی ہے ۔ ایم سی ڈی میں حکمراں اور اپوزیشن دونوں پارٹیوں سے۔
قابل ذکر ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کو اگلے سال ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات سے پہلے سیمی فائنل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ میونسپل کی 13 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں کل 94 امیدواروں اپنی  قسمت آزما ئی  ۔