نئی دہلی : ۲۵؍مئی: (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ملک کو سب سے زیادہ مطلوب مجرم اور دہشت گرد سرغنہ داؤد ابراہیم کو جلد ہی پکڑ کر ہندوستان لایا جائے گا۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے ایک ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ داؤد کو جلد ہی پکڑ لیا جائے گا اور اسے کسی بھی قیمت پر ہندوستان لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ داؤد بین الاقوامی دہشت گرد ہے اور اس کو پکڑنے کے لئے بین الاقوامی ایجنسیوں کی مدد لی جائے گی۔ داؤد سے متعلق تمام دستاویزات پاکستان کو دیئے جا چکے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مودی سرکار کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے ہی مسٹر راجناتھ داؤد کو پکڑنے کے بارے میں وقت وقت پر بیان دیتے رہے ہیں لیکن گزشتہ دو سالوں میں ان کی کوشش اب تک کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ وزارت خارجہ بھی کہتی رہی ہے کہ وہ داؤد کے لئے پاکستان پر مسلسل دباؤ بنا رہی ہے اور اسے ہندوستان لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ہندوستان پر حملے کی دھمکی دینے والے خونخوار دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے تازہ ویڈیو کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ابھی ہندوستان کو داعش سے خطرہ نہیں ہے۔ سکیورٹی ایجنسیاں اس پر نظر رکھ رہی ہیں اور ملک کی مسلم کمیونٹی بھی داعش کے تئیں کوئی ہمدردی نہیں رکھتی ہے۔