• News Code : 772084
  • Source : sahar
Brief

ہندوستان کے مختلف علاقوں میں اس ملک کے یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں جہاں مختلف حکام نے اپنے ملک کا قومی پرچم لہراتے ہوئے سلامی دی اور قوم کو مبارک باد پیش کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے صدر جمہوریہ نے اپنے ملک کے ستّرویں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پیغام میں ہندوستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ملک میں انصاف، مساوات، بھائی چارگی اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی۔

ہندوستان کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے اپنے ملک کے ستّرویں یوم آزادی کی مناسبت سے قوم کے نام ایک پیغام میں ہندوستان میں انصاف، آزادی، مساوات اوربھائی چارگی کے چار ستونوں پر تعمیر کی گئی جمہوریت کو مضبوطی سے آگے بڑھائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ ہندوستان کے صدر نے کہا کہ قومی اقدار کے خلاف کمزور طبقات پر ہوئے حملے تشویشناک ہیں جن سے سختی سے نمٹے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اپنی تیز رفتار اقتصادی ترقی کا عمل جاری رکھے گا۔

پرنب مکھرجی نے کہا کہ انّیس سو سینتالیس میں جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تھی تو کوئی یقین نہیں کر رہا تھا کہ اس ملک میں جمہوریت باقی رہے گی مگر سات عشرے گزر جانے کے باوجود، ہندوستان کے سوا سو کروڑ عوام اس قسم کی پیش گوئی کو غلط ثابت کر رہے ہیں کہ ہندوستان میں جمہوریت باقی نہیں رہے گی۔

دوسری جانب ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اپنے ملک کے ستّرویں یوم آزادی پر اپنے خطاب میں ہندوستانی قوم کو مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ہندوستان تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور ان کے ملک کی ترقی کا یہ عمل بدستور جاری رہے گا۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں پڑوسی ملک پر تنقید کرتے ہوئے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے تعلق سے کہا کہ نئی دہلی کی حکومت علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات اور تعاون کے فروغ کی خواہاں ہے۔ انھوں نے ایران کی چابہار بندرگاہ کی توسیع اور علاقائی تعاون میں بعض ملکوں کے درمیان پائی جانے والی یکسوئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان چابہار کے منصوبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی بنیاد پر ایک سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کا ملک ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہا ہے اور وہ اس مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے مختلف علاقوں میں اس ملک کے یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں جہاں مختلف حکام نے اپنے ملک کا قومی پرچم لہراتے ہوئے سلامی دی اور قوم کو مبارک باد پیش کی۔

.......