ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دھماکہ لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز وائے میں ایک زیر تعمیر عمارت میں ہوا، جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد عمارت میں نصب کیا گیا تھا جس میں تقریباً 10 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے باہر پارکنگ میں ہونے والا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ دوسری جانب دھماکے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جب کہ پولیس نے قریبی علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔