5

 

نیٹ ورک 18 کے خاص پروگرام رائزنگ یوپی میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاست سے مجرموں کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا۔ لکھنؤ میں 'نئے اددیش، بڑھتا پردیش' کے موضوع پر منعقد رائزنگ یوپی پروگرام میں یوگی نے تین طلاق سے لے کر رام مندر، سہارنپور تک پر کھل کر اپنے خیالات رکھے۔ نیٹ ورک 18 کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر بھوپندر چوبے کے سوالات کا وزیر اعلی نے کھل کر جواب دیا۔ یوپی میں قانون و انتظام کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جرائم کرنا جن کی عادت بن گئی تھی، انہیں اب یا تو جرائم چھوڑنا پڑے گا یا صوبہ چھوڑنا پڑے گا۔ تین طلاق پر یوگی نے کہا کہ اس پر روک لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان ہندوستان کی ہی اولاد ہیں۔ ان کو اپنی ونشاولی کسی بابر، کسی اورنگزیب یا تیمور لنگ کے اوپر نہیں دیکھنی چاہئے۔ وہ ہندوستان میں ہی پیدا ہوئے ہیں، اور ہندوستان میں ہی بڑھے ہیں۔ کسانوں پر انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کسانوں کو راحت دینے کے لئے کئی اقدامات کئے۔ کسانوں کو پیداوار کی مناسب قیمت مل رہی۔ اب تک ریاستی حکومت 22 ہزار کروڑ روپے گنا کسانوں کو دے چکی ہے۔ سرکار کے کام کاج کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر وزارت کو 100 دن کا ہدف دیا گیا ہے۔ ہم 100 دن کے کام کاج کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں گے۔ یوپی میں بجلی کے حال پر انہوں نے کہا کہ پہلے یوپی کے 5 اضلاع میں ہی بجلی کی سپلائی ہوتی تھی، باقی ریاستوں میں بجلی گل رہتی تھی۔ ہم نے بجلی میں یہ وی آئی پی کلچر بند کیا۔ ریاست میں 20 نئے زرعی سائنس سینٹر بنانے کا عمل جاری ہے۔ اس کے لئے زمین مختص کی جا رہی ہے۔ یوپی میں بڑھتے جرائم پر انہوں نے کہا کہ 15 سال کا کوڑا کچرا صاف کرنے میں تھوڑا وقت تو لگے گا۔ 15 سالوں میں ترقی اور گڈ گورننس یوپی کی عوام بھول چکی تھی۔ اب ایک بار پھر قانون کا راج قائم ہو جائے گا۔ ریاست کے عوام کی توقعات اور خواہشات کی تکمیل کرنا یوپی حکومت کا مقصد ہے، ہم اس کے لئے مصروف عمل ہیں۔